پشاور: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہر میں 15 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 پندرہ روز کیلئے نافذ کی گئی ہے، اس دوران ہر قسم کا اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی عائد رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس دوران لائسنس یافتہ ہتھیاروں کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔
صوبائی دارالحکومت کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کاررروائی کا عندیہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عام انتخابات 2024 میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب بھر میں عام انتخابات کے دوران سکیورٹی خدشات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔