پی ٹی آئی کے سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کا انتخابی نشانات کیخلاف عدالت سے رجوع

Published On 15 January,2024 05:04 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سابق وزراء اور ارکان اسمبلی نے انتخابی نشانات کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

کامران بنگش، آصف خان، آفتاب عالم اور شفیع اللہ نے انتخابی نشان کے خلاف درخواست دائر کردی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کامران بنگش کو وائلن کا انتخابی نشان دیا گیا ہے، ان کے مخالف امیدوار کو باجا دیا گیا ہے، دونوں نشان بیلٹ پیپر پر ایک جیسے نظر آئیں گے، ووٹرز کو دشواری ہوگی۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ جس امیدوار کو باجا انتخابی نشان دیا گیا ہے اس کا نام بھی کامران ہے، آصف خان کو این اے 32 سے ہتھ گاڑی کا نشان دیا گیا ہے، اسی حلقے سے آصف خان نامی دوسرے امیدوار کو بھی ہتھ گاڑی کا نشان دیا گیا ہے، کوہاٹ کے پی کے 90 سے امیدوار آفتاب عالم نے بھی بینگن کے نشان کے خلاف درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی نشان الاٹ کرنے سے پہلے امیدواروں سے رائے لی جاتی ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسروں کو فریق بنایا گیا ہے۔