8 فروری قومی نصب العین کی تیاری کا دن ہے: شہبازشریف

Published On 15 January,2024 12:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز)صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری قومی نصب العین کی تیاری کا دن ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کے انتخاب کا دِن محض ووٹ کے جمہوری حق کے استعمال کا دِن نہیں بلکہ یہ قومی نصب العین کی تیاری کا دِن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے معاشی بحالی، قوم کے اتحاد، نفرتوں کے خاتمے، تعلیم، صحت، روزگارکی فراہمی، نوجوانوں کو روشن مستقبل دینے کیلئے ایک بار پھر ہم سب کے مل کر کام کرنے کے عہد کا دِن بھی ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آئیں نفرتیں مٹا کر پاکستان کیلئے، عوام کے روزگار کیلئے، سستی بجلی اور گیس، مہنگائی میں کمی، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک ہوجائیں۔