کراچی: (دنیا نیوز) سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کو تینوں فارمیٹ کا ایک کپتان اناؤنس کر کے اسے دو تین سال کا وقت دینا چاہیے تاکہ کپتانی کی لڑائیاں ختم ہو جائیں، کسی کو نائب کپتان بنانے کی ضرورت نہیں جہاں کپتان کسی وجہ سے میچ میں نہ ہو وہاں موقع دیکھ کر کسی کھلاڑی کو کپتانی کی ذمہ داری دیں۔
واضح رہے بابر اعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے بعد شاہد آفریدی کے داماد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی جبکہ محمد رضوان نائب کپتان ہیں، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود ہیں جبکہ دورہ آسٹریلیا میں شاہین آفریدی نائب کپتان تھے۔