گیری کرسٹن کو وائٹ، جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ

Published On 06 April,2024 11:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی نے گیری کرسٹن کو پاکستان کی وائٹ اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کوچز کی تلاش کے لئے پہلے ہی اشتہار جاری کر چکا ہے، اشتہار میں 15 اپریل تک درخواستیں مانگیں گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رسمی کارروائی پوری ہونے پر پی سی بی دونوں کوچز کی تعیناتی کا اعلان کرے گا، رسمی کارروائی 15 اپریل تک پوری ہو گی جس کے بعد پی سی بی باقاعدہ اعلان کرے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اشتہار بھی دے دیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 اپریل تک خواہشمند امیدوار درخواستیں جمع کرا سکیں گے، اسسٹنٹ کوچ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کوچ کا معاون ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اسسٹنٹ کوچ کے لیے کم از کم لیول ٹو کوچ ہونا ضروری ہے، اس کے ساتھ انٹرنیشنل ٹیم، فرنچائز یا ڈومیسٹک ٹیم کے ساتھ 3 سال کا تجربہ بھی ضروری قراردیا گیا ہے۔