لاہور:(ویب ڈیسک ) پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کی مبینہ غلط تشخیص پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سہیل سلیم نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھیج دیا ہے، قبل ازیں چیئرمین پی سی بی نےکھلاڑیوں کی انجریز کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی میڈیکل پینل پر احسان اللہ کی انجری کو غیرذمہ دارانہ طریقے سے ہینڈل کرنےکا الزام تھا، کھلاڑیوں کی انجریز پر آج چیئرمین محسن نقوی کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹس موصول ہوئی تھی۔
اس حوالے سے جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمیٹی سے تمام رپورٹس موصول ہو گئی ہیں،ان میں احسان اللہ، ارشد اقبال، ذیشان ضمیر اور شوال ذوالفقار کی رپورٹس شامل ہیں، ہم ان رپورٹس کا جائزہ لےکر جلد سامنے لائیں گے۔
انہوں نے پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم ، ڈاکٹر رانا دلآویز اور پروفیسر ڈاکٹر ممریز کا دس دن میں رپورٹس مرتب کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔