لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ہاکی پلیئرز کی سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں کارکردگی پر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
دنیا کے بہترین بیٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپنی ہاکی ٹیم پر بے حد فخر ہے، ہاکی ٹیم نے محدود وسائل میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، ہاکی ٹیم کی سپورٹ جاری رکھیں یہ ضرور ٹرافی جیتیں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی، فائنل میں آخری وقت تک لڑی، اس کارکردگی پر ٹیم ہماری مکمل سپورٹ کی مستحق ہے، ہم سب کو پاکستان ہاکی ٹیم پر فخر ہے، آئیے سب مل کر پاکستان سپورٹس کیلئے کام کریں۔
واضح رہے کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ جاپان پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا فائنل انتہائی سنسنی خیز رہا، میچ کے اختتام تک جاپان اور پاکستان نے 2-2 گول کیے۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں جاپان نے پاکستان کو 4-1 سے بآسانی شکست دی، جاپان نے پہلے 4 پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گول کیے جبکہ پاکستان نے شوٹ آؤٹ ضائع کرتے ہوئے صرف ایک گول کیا۔