اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ اذلان شاہ کی کپ کا فائنل پورے پاکستان میں براہ راست دیکھا جائے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے ہاکی ٹیم سے گفتگو کے دوران اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور کل ہونیوالے فائنل میچ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہاکی کے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں، ہاکی ٹیم نے قومی کھیل کو ایک بار پھر زندہ کیا ہے، قومی کھیل کےفروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
رانا مشہود نے کہا کہ 13سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے پر وزیراعظم نے ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان فائنل مقابلہ کل ہوگا، قومی ہاکی ٹیم نے 2011ء میں آخری بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، پاکستان نے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں اور تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے ملائیشیا، جنوبی کوریا اور کینیڈا کو شکست دی جبکہ جاپان اور نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا ۔