لاہور: (دنیانیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس کامیابی کا ہر جز موجود ہے، گرین شرٹس کے پاس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل تک جانے کا پورا موقع ہے۔
یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن ٹھیک لگ رہا ہے، انگلینڈ کے خلاف اگلے میچز ہیں ان میں دیکھ لیں جو کرنا ہے کرلیں، جن کو اب تک موقع نہیں ملا ان کو بھی دیکھ لیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میچ ہمیشہ ففٹی ففٹی سے شروع ہوتا ہے ، جس میں صلاحیت کے ساتھ اعصاب کا بھی مقابلہ ہے، جو اعصاب پر بہتر کنٹرول کرے گا وہ کامیاب ہوگا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز ہونی چاہیے، بار بار کھیلیں گے تو ایک دوسرے سے پریشر کا ماحول بھی ریلیز ہوگا، بھارت پاکستان میچز دونوں ٹیموں کو پلیئرز دیتے ہیں، جو اس سیریز میں پرفارم کرتا ہے وہ ہیرو بنتا ہے،دونوں ملکوں کی حکومتوں اور بورڈ کو بیٹھ کر سیریز پر بات کرنا چاہیے۔
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک دو نہیں ، زیادہ میچ ونر ہیں، گرین شرٹس کے پاس کامیابی کا ہر جز موجود ہے، قومی ٹیم کے پاس فائنل تک جانے کا پورا موقع ہے۔