لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی سرجری پر تیار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اپنے بیان سے پیچھے ہٹنے لگے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ابھی میچز باقی ہیں، ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے، ٹورنامنٹ کے حتمی نتیجے کا انتظار کرنا چاہیے، سب لوگ دعا کر رہے ہیں کہ ٹیم آگے پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت جاری ہے فی الحال اس موقع پر اس حوالے سے مزید بات کرنا مناسب نہیں، جیسی بھی ٹیم ہے اسے لیکر اس ٹورنامنٹ میں آگے چلنا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کے خلاف بڑے میچ میں قومی ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ آج کی شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا تھا کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن آج کی انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔