ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز کا شاندار کم بیک، کیویز کو 13 رنز سے شکست

Published On 13 June,2024 09:13 am

تاروبا: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دیدی۔

گروپ سی کی دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا سٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 149 رنز سکور کیے اور نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز
میزبان ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا، اوپنر جونسن چارلس بغیر کھاتہ کھولے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ان کے بعد نکولس پورن، برینڈن کنگ کا ساتھ دینے آئے لیکن زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 20 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، میزبان ٹیم کی اگلے 10 رنز پر مزید 3 وکٹیں گر گئیں۔

چھٹے نمبر پر آنے والے شرفین رتھرفورڈ نے 30 کے مجموعی سکور پر کریز سنبھالی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 149 تک پہنچا دیا، انہوں نے 39 بالز پر 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، نکولس پورن نے 17، عقیل حسین نے 15، آندرے رسل نے 14 جبکہ روماریو شیفرڈ نے 13 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جمی نیشم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

ویسٹ انڈیز کے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی، وکٹ کیپر بیٹر گلین فلپس 33 گیندوں پر 40 رنز بناکر نمایاں رہے، فن ایلن نے 26 جبکہ مچیل سینٹنر نے 21 رنز سکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گڈاکیش موتی نے چار اوورز میں 25 رنز دیئے اور 3 کھلاڑی پویلین لوٹائے جبکہ عقیل حسین نے 21 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کیویز سکواڈ
نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کر رہے تھے، فن ایلن، ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جمی نیشم، مچل سینٹنر، رچن رویندا، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور ٹم ساؤتھی سکواڈ کا حصہ تھے۔

ویسٹ انڈین سکواڈ
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، جونسن چارلس، نکولس پورن، روسٹن چیز، شرفین رتھرفورڈ، آندرے رسل، روماریو شیفرڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف اور گڈکیش موتی شامل تھے۔