لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورلڈکپ میں غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بطور اچھی ٹیم ثابت نہیں ہوئے۔
آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی اور غلطیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکا اور بھارت کیخلاف میچ میں ہم سے بیٹنگ میں غلطیاں ہوئیں، وکٹیں گرنے سے بیٹنگ لائن پر پریشر آیا، کنڈیشنز کے لحاظ سے ہماری باؤلنگ اچھی رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ٹیم کی ضرورت ہوگی اس کو دیکھیں گے، ہمارے پاس اچھے پلیئرز ہیں، ہم واپس گھر جا رہے ہیں، وہاں جا کر دیکھیں گے کہ ہم سے کیا کمی کوتاہیاں ہوئیں اور ہم واپس اٹھیں گے اور آگے بڑھیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم قریب پہنچ کر میچ ہارے ایک اچھی ٹیم کے طور پر پرفارم نہیں کر سکے، آئرلینڈ کے خلاف میچ تو جیت لیا لیکن ہدف کے تعاقب میں وکٹیں گرتی گئیں پھر بھی ہمیں اچھے سے میچ فنش کرنا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مایوس کن کارکردگی کے ہم سب ذمہ دار ہیں، تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو قوم کی طرح دکھ ہے، واپس جا کر چیئرمیں پی سی بی کو وجوہات بیان کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کپتانی سے متعلق فیصلہ بورڈ کی مشاورت سے کروں گا۔