کنگز ٹاؤن: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں بنگلا دیش نے نیپال کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں کنگز ٹاؤن کے ارونز ویلز کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔
بنگلا دیش کی اننگز
نیپال کی دعوت پر بنگال ٹائیگرز نے بیٹنگ کا مایوس کن آغاز کیا، پہلی ہی بال پر اوپنر تنزید حسن کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد آنے والے کپتان نجم الحسن شانتو 7 رنز کے مجموعی سکور پر کلین بولڈ ہو گئے، شکیب الحسن 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
محمود اللہ ریاض، رشاد حسین 13، 13، جاکر علی، تسکین احمد 12، 12، تنظیم حسن ثاقب اور مستفیض الرحیم 3، 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، یوں بنگلا دیشی ٹیم 106 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، نیپال کی جانب سے سونپل کامی، دیپندر سنگھ ایری، روہت پاؤڈل اور سندیپ لامی چھانے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیپال کی اننگز
ہدف کے جواب میں نیپال کی بیٹنگ شروع میں لڑکھڑا گئی اور صرف 9 رنز پر کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اوپنر کشل بھروٹل 4 رنز بنا پائے، کوشل مالا 27، دیپندر سنگھ ایری 25 اور آصف شیخ 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیپال کے 4 چار کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہوئے، کپتان روہت پاؤڈل اور سندیپ جورا نے ایک ایک رنز بنایا، یوں نیپالی ٹیم صرف 85 رنز ہی بنا پائی، بنگلا دیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب نے 4، مستفیض الرحیم نے 3، شکیب الحسن نے 2 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلا دیشی سکواڈ
بنگلا دیش کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض نجم الحسین شانتو ادا کر رہے ہیں، تنزید حسن، لٹن داس، توحید ہریدے، شکیب الحسن، محمود اللہ، جاکر علی، رشد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور تنظیم حسن ثاقب سکواڈ کا حصہ ہیں۔
نیپالی سکواڈ
نیپالی ٹیم کی قیادت روہت پاؤڈل کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف شیخ، دیپندر سنگھ ایری، کشل بھروٹل، ابھیناش بوہارا، گلشن جھا، سندیپ لامی چھانے، کرن کے سی، کشل مالا، انیل ساہ اور سومپل کامی شامل ہیں۔