لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عباس آفریدی نے کہا ہے کہ پوری قوم کی طرح ہمیں بھی ورلڈ کپ سے آؤٹ ہونے پر مایوسی ہے، بھارت کیخلاف میچ میں دل میں خیال تھا کہ میں ہوتا تو کچھ کر جاتا۔
آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد مکسڈ زون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے جب بھی موقع ملا یہی کوشش رہی کہ ٹیم کیلئے 100 فیصد دوں، ورلڈ کپ میں بڑے میچز کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے لیکن جو باؤلرز کھیل رہے تھے وہ مجھ سے بہتر تھے۔
انہوں نے ٹیم کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہماری بیٹنگ اچھی نہیں رہی، ناکامی کی ذمہ داری نہیں ڈال رہا مگر بیٹنگ میں غلطیاں ہوئیں۔
فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے خلاف بیٹنگ میں بابر اعظم نے کہا کہ جب بُرا بال آئے تو اس کو ہٹ کرنا، پلان یہ تھا کہ پارٹنر شپ لگا کر میچ قریب لے جانا ہے، اپنی باؤلنگ اور بیٹنگ پر کافی محنت کر رہا ہوں، بطور آل راؤنڈر کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔