بارباڈوس: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
گروپ 2 کی ٹیمیں بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں مدمقابل تھیں جہاں امریکا کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ
ویسٹ انڈیز کیلئے امریکا کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کے ہدف کا تعاقب بہت ہی آسان رہا جو کالی آندھی نے 10.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میزبان کالی آندھی کی جانب سے اننگز کا آغاز شائے ہوپ اور جانسن چارلس نے کیا تاہم جارح مزاج بیٹر جانسن چارلس زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور ہرمیت سنگھ کی گیند پر ملند کمار کو کیچ دے بیٹھے۔
بعدازاں شائے ہوپ کا ساتھ دینے کیلئے نکولس پورن میدان میں آئے، ویسٹ انڈیز کے اوپنر بیٹر شائے ہوپ نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
شائے ہوپ کی شاندار اننگز میں 4 چوکے اور 8 فلک شگاف چھکے شامل تھے جبکہ نکولس پورن بھی 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے، امریکا کی جانب سے واحد وکٹ ہرمیت سنگھ نے حاصل کی۔
قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 46 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر امریکا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
امریکا کی باری
ویسٹ انڈیز کی دعوت پر امریکا نے بیٹنگ شروع کی اور امریکی ٹیم کا پہلا کھلاڑی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گیا، سٹیون ٹیلر کے بعد آنے والے نتیش کمار نے انڈریس گوس کے ساتھ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا سکور 51 تک پہنچا دیا، دونوں نے بالترتیب 20 اور 29 رنز بنائے۔
ملند کمار 19، شیڈلے وین 18، کپتان آرون جونز 11، کورے اینڈرسن 7 رنز ہی بنا پائے جبکہ علی خان 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں امریکن ٹیم 128 رنز ہی بنا پائی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے 3، 3، الزاری جوزف نے 2 جبکہ گڈکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈین سکواڈ
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شائی ہوپ، جونسن چارلس، نکولس پورن، روسٹن چیز، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف، گڈکیش موتی اور عبید مکائے شامل تھے۔
امریکی ٹیم
امریکی ٹیم کی قیادت آرون جونز نے کی جبکہ علی خان، کورے اینڈرسن، اینڈریس گوس، ہرمیت سنگھ، ملند کمار، نوستش کینجنگ، نتیش کمار، سوربھ نیٹراوالکر، سٹیون ٹیلر اور شیڈلے وین بھی ٹیم کا حصہ تھے۔