ممبئی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم بارباڈوس سے خصوصی طیارے کے ذریعے ایک گھنٹہ تاخیر سے ممبئی پہنچی، بھارت پہنچنے کے بعد ٹیم کو ایک ہوٹل میں منتقل کیا گیا اور اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم کے ممبئی پہنچنے پر استقبال کیلئے شہریوں کا سمندر امڈ آیا، وطن واپس پہنچنے پر عوام نے پرجوش انداز میں ہم وطن کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا، فاتح ٹیم کی اوپن ٹاپ بس پریڈ کے موقعے پر ممبئی کے میرین ڈرائیو پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم تھا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق فاتح ٹیم نے شام پانچ سے سات بجے تک بس پریڈ میں نریماں پوائنٹ سے جنوبی ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم تک جانا تھا تاہم ہزاروں کی تعداد میں عوام کے سڑکوں پر نکل آنے کی وجہ سے سٹیڈیم کی طرف جانے والی شاہراہیں بند ہو گئیں، انتظامی مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے جشن کی تقریبات بھی وقت پر شروع نہ ہو سکیں۔