راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کر دیا گیا، امپائرز نے گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا، پہلے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دی تھی۔
پاکستان نے دوسرے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر رکھا ہے، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بیٹے کی ولادت کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپنر ابرار احمد سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، آل راؤنڈر عامر جمال فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بارش کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں میچ سے قبل آخری تیاریوں سے محروم رہی تھیں۔