کرکٹ کی بہتری کا مشن! پی سی بی کے بڑے آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

Published On 23 September,2024 10:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں کرکٹ کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نئی حکمت عملی بنانے کے لیے کوچز، سینئر پلیئرز اور بورڈ حکام آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے ساتھ بابر اعظم اور شان مسعود سمیت 9 ایلیٹ پلیئرز کا کنکشن کیمپ آج لاہور میں ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق کیمپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک واضح وژن قائم کرنا ہے اور اس کنکشن کیمپ میں پاکستان وائٹ بال کپتان بابر اعظم، ریڈ بال کپتان شان مسعود، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت 9 ایلیٹ کرکٹرز میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کو نئی شکل دینے کے لیے جاری سفر کا پہلا قدم ہے اور کنکشن کیمپ پاکستان کرکٹ کو اس کی سابقہ شان میں بحال کرنے کے لیے اہم ہے۔

ریڈ بال کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت ہمیں مستقبل کے لیے ایک مضبوط راستہ طے کرنے میں مدد کرے گی۔

ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نے اس حوالے سے کہا کہ ہم سب ایک ہی مقصد کی طرف کوشاں ہیں اور وہ پاکستان کرکٹ کا معیار بلند کرنا اور جیتنے کا کلچر پیدا کرنا ہے۔

کیمپ کے حوالے سے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ ہم وائٹ بال کرکٹ میں اپنے نقطہ نظر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے اعلیٰ درجے کے معیارات کو پورا کیا جا سکے۔