لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سٹیڈیمز اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں، فیصل آباد میں جاری چیمپئنز کپ اور سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے ضروری کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر کمیٹی کی ذمہ داریاں طے کی جائیں اور کام شروع کیا جائے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں دنیا کی بڑی ٹیمیں آرہی ہیں، انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔
چیئرمین پی سی بی نے سٹیڈیمز اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیمز کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، اپ گریڈیشن کے بعد شائقین کرکٹ کا ویو بہتر ہو گا اور میچ کو بہت انجوائے کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ کے میچز میں فیصل آباد کے شہریوں کا جوش و خروش قابل ستائش ہے، فیصل آباد میں پی ایس ایل میچز کرانے کا بھی جائزہ لیں گے۔