لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ سابق کرکٹر محمد یوسف نے سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق محمد یوسف نے اپنے استعفے کی وجہ ذاتی وجوہات کو قرار دیا ہے، محمد یوسف پی سی بی میں دیگر اہم ذمے داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھا رہے ہیں۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں بطور بیٹنگ کوچ کام جاری رکھیں گے، جہاں ان کا تجربہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد یوسف کا قومی ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان
محمد یوسف کے پی سی بی میں کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بورڈ نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، ان کی موجودگی سے کھلاڑیوں کی تربیت میں بہتری آئے گی اور پاکستان کرکٹ کی کامیابی کی راہ ہموار ہو گی۔
اس سے قبل محمد یوسف نے سوشل میڈیا پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہو رہے ہیں، محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اس شاندار ٹیم کی خدمت کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز رہا ہے اور انہیں فخر ہے کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔