بھارتی شیر بنگلورو میں ڈھیر، کیویز کیخلاف پوری ٹیم محض 46 رنز پر آؤٹ

Published On 17 October,2024 03:01 pm

بنگلورو: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت کی پوری ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر 46 رنز پر پویلین راہ دکھا دی۔

بنگلورو کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو بھارت کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔

بنگلورو سٹیڈیم میں کیویز باؤلرز کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کھلاڑی یکے بعد دیگر ے آؤٹ ہوتے گئے، بھارتی ٹیم کے 5 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین چلتے بنے جبکہ سب سے رشبھ پنت نے 20 رنز بنائے۔

ویرات کوہلی، سرفراز خان، کے ایل راہول، رویندر جڈیجا اور روی چندر ایشون صفر پر وکٹ گنوانے والوں میں شامل ہیں جبکہ صرف 2 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔

کیویز کی جانب سے میٹ ہنری اور او روک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ ٹم سادھی کے نام رہی۔

واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کا تیسرا کم ترین سکور ہے، اس کے علاوہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا یہ ہوم گراؤنڈ پر کم ترین سکور ہے۔