لاہور:(ویب ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سب سے اہم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کو ملتوی کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 20 اکتوبر سے ہونا تھا تاہم اب تک اس سیزن کی تفصیلات طے نہیں ہوسکیں، جس کے باعث آغاز میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے اور ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے چیئرمین محسن نقوی کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔
قائداعظم ٹرافی میں ریجنل ٹیموں نے شرکت کرنا تھی اور مختلف ریجنز کے کھلاڑی اس کی تیاریوں میں مصروف تھے تاہم اب تک حتمی ٹیمیں سامنے آئیں اور نہ شیڈول طے پایا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی ہو، اس سے قبل انڈر 19 ٹورنامنٹ بھی شروع ہونے کے بعد پہلے روز ہی روک دیا گیا تھا اور اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پی سی بی ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ نے بیک اپ پلان کے طور پر ڈیپارٹمنٹس کو پریذیڈنٹ ٹرافی کے لیے تیار رہنےکا عندیہ بھی دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قائد اعظم ٹرافی کے انعقاد میں مزید تاخیر ہوئی تو پہلے ڈیپارٹمنٹس کا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ منعقدکیا جائےگا، یہ ٹورنامنٹ پہلے 6 جنوری سے شیڈولڈ تھا۔