دوسرا ٹی 20: پاکستان نے زمبابوے کو ہرا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

Published On 03 December,2024 05:38 pm

بلاوائیو: (دنیا نیوز) 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے چھٹے اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، صائم ایوب نے 36 جبکہ عمیر یوسف نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

قبل ازیں بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے برائن بینیٹ 21 اور تادیواناشے مارومانی 16 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا، زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ برتری حاصل ہے، اتوار کو پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔