ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان: پہلا ٹیسٹ کراچی سے ملتان منتقل

Published On 24 December,2024 10:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچوں کے لیے پاکستان کے دورے کی تفصیلات کا اعلان کر دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 3 روزہ میچ کھیلنے کے بعد ملتان میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری تک کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

یہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ ٹیم کا 19 سال میں پہلا دورہ پاکستان ہو گا، انہوں نے آخری بار نومبر 2006 میں 3 ٹیسٹ کھیلے تھے جبکہ پاکستان کے خلاف اس کی آخری اوے ٹیسٹ سیریز اکتوبر 2016 میں متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی۔

ویسٹ انڈیز نے اپریل 2018 کے بعد سے 3 بار پاکستان کا دورہ کیا ہے، ایک بار ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جون 2022 میں اور 2 بار ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز اپریل 2018 اور دسمبر 2021 میں کھیلی تھی۔