لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سٹاربلے باز بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سابق کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں، انہوں نے یہ سنگ میل جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عبور کیا۔
بابراعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 3 رنز درکار تھے، جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ کے پہلے دن مکمل کر لیے تاہم وہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ بابر اعظم کے کیریئر کا 56 واں ٹیسٹ میچ ہے۔
بابر اعظم ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے اور پاکستان کے واحد بلے باز ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کےدرمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سنچورین کے سپر سپورٹس پارک میں کھیلا جارہا ہے جو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ ہے، جس میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 211 رنز بنا کر پویلین چلتی بنی۔
میزبان ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان کے 211 رنز کے جواب میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے ہیں۔