میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹر سٹیو سمتھ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچز میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
جمعہ کو بارڈر گواسکر ٹرافی کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے 311 رنز 6 وکٹ سے اننگز آگے بڑھائی، کپتان پیٹ کمنز تو 49 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے مگر سٹیو سمتھ کا بلا رنز اگلتا رہا۔
سمتھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی 34 ویں سنچری سکورکی، وہ 140 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 474 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
اس میچ میں شاندار 140 رنز بنانے والے آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے خلاف نیا ریکارڈ بھی بنایا، سٹیو سمتھ بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
جمعہ کو ٹیسٹ کیریئر کی 34 ویں سنچری بنانے والے سمتھ کی بھارت کے خلاف یہ 11 ویں ٹیسٹ سنچری تھی جو انہوں نے 43 اننگز میں مکمل کی اور یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بیٹر کی بھارت کے خلاف سنچریوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر انگلینڈ کے جو روٹ کا ہے جنہوں نے اب تک بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں 10 سنچریاں سکور کی ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 میچز پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی ایک ایک سے برابر ہے، سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کامیاب ہوا تھا جبکہ دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی، سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔