لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ صائم ایوب کی رپورٹس تو یہی ہیں کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹھیک ہو جائیں گے، آپ سب بھی دعا کریں کہ وہ جلدی ٹھیک ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ باؤلنگ پر کافی کام کیا تھا جس کے نتائج اچھے آئے، بیٹنگ میں کسی بھی نمبر پر کھیلنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی، انٹرنیشنل سٹیڈیمز میں لوگ قریب سے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں، یہاں پر بھی اب شائقین اپنے سٹارز کو قریب سے دیکھ سکیں گے جو کافی اچھا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ لمبا سیزن کھیل کر آئے ہیں اور آگے بھی لمبا سیزن ہے تو تیاری اچھی ہے، چیمپئنز ٹرافی ہمارے دماغ میں ہے لیکن اس سے پہلے ویسٹ انڈیز سیریز چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوشش کریں گے کہ جس طرح کی پرفارمنس گزشتہ سال دی ہے ویسے ہی دیتے رہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ دفاعی چیمپئن ہے اس پر پریشر زیادہ ہوگا لیکن کوشش کریں گے اچھی پرفارمنس دیں اور جیتیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہمیں پتا ہے کون سے کھلاڑی پک کرنے ہیں، تیاری مکمل ہے، فہیم اشرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی جان تھے، ان کی کمی پوری نہیں کرسکتے، فرنچائز کرکٹ میں کھلاڑیوں کو جانا پڑتا ہے، فہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔