لاہور: (ویب ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے فیورٹ قرار دیتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ حاصل ہوگا، اس ٹورنامنٹ کیلئے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جانا چاہیےکیونکہ کسی بھی ٹیم کو ان کے اپنے ملک میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی ، بھارتی ٹیم کو فائنل میں بھلے شکست ہوئی لیکن ایونٹ میں مسلسل 10میچز بھارت نے جیتے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہورہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جو 2 گروپوں میں تقسیم ہیں، ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر15 میچز کھیلے جائیں گے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ میزبان پاکستان 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔