ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی شرکت مشکوک ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا پر کئی شہ سرخیاں دیکھی گئیں جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ کمرکی تکلیف کا شکار فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ بیڈ ریسٹ پر چلے گئے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جسپریت بمراہ کی کمر کی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں، بمراہ کرکٹ میں واپسی کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، ڈاکٹروں نے انہیں بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا۔
جسپریت بمراہ کی ٹوئٹ
بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریپ بمراہ نے مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیا۔
کرکٹر جسپریت بمراہ نے لکھا کہ مجھے معلوم ہے جعلی خبر پھیلانا کتنا آسان ہے لیکن واقعی اس خبر نے تو مجھے ہنسا دیا، ساتھ ہی بھارتی باؤلر نے ہنسنے والے متعدد ایموجیز کا بھی استعمال کیا۔