لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی سیکرٹریٹ رواں ماہ لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کام شروع کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے آئی سی سی کے وفد نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا، وفد میں آئی سی سی کے لاجسٹک اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں کے نمائندے شامل تھے۔
آئی سی سی حکام نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا وزٹ کرکے دستیاب سہولیات کو دیکھا اور اپنی تجاویز بھی پی سی بی حکام سے شیئر کیں۔
آئی سی سی وفد کے کچھ لوگ اب پاکستان میں ہی قیام کریں گے، اگلے ہفتے چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی فروخت کے عمل کو بھی حتمی شکل دے دی جائے گی۔
جنوری کے تیسرے ہفتے میں آئی سی سی کا باقاعدہ سیکرٹریٹ بھی لاہور میں کام شروع کردے گا، آئی سی سی وفد نے اس سے پہلے کراچی اور پنڈی سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا تھا۔