قذافی و نیشنل سٹیڈیمز چیمپئنز ٹرافی میچز کی میزبانی کیلئے تقریباً تیار

Published On 09 January,2025 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا عمل پوری شدت سے جاری ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔

پی سی بی نے ایک باقاعدہ اپ ڈیٹ میں مداحوں، شائقین اور میڈیا کو یقین دلایا ہے کہ تمام اپ گریڈیشن کے کام شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور مقررہ وقت سے پہلے یا وقت پر مکمل کر لیے جائیں گے۔

سہ فریقی ون ڈے سیریز کی منتقلی
قذافی اور نیشنل بینک سٹیڈیمز میں تیاریوں کی پیشرفت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے آنے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز ان دونوں مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ سیریز جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے اصل میں ملتان میں شیڈول تھی، فیصلہ پی سی بی کے ان اپ گریڈ شدہ مقامات کی تیاری پر اعتماد، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے عالمی معیار کے تجربے کی فراہمی کی عکاسی کرتا ہے، سیریز کی مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

دوسری جانب قذافی سٹیڈیم کی گنجائش 35000 تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے سٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں، براڈ کاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو شائقین کو شاندار ویونگ کوالٹی فراہم کریں گی۔