شاہینوں کا چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن آغاز، کیویز کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست

Published On 19 February,2025 01:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو 60 رنز سے شکست دیدی۔

321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، خوشدل شاہ 69 اور بابر اعظم 64 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

321 پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور بابر اعظم نے کیا جو کارآمد ثابت نہ ہوسکا اور8 رنز کی مجموعی سکور پر سعود شکیل 6 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ دوسرے نمبر پر آنیوالے بلے باز کپتان محمد رضوان نے بھی قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور محض 2 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔ 

پاکستان کی تیسری وکٹ 69 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 24 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے ، چوتھی وکٹ 127 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ پانچویں وکٹ طیب طاہر کی گری جو ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

یہ بھی پڑھیں: 29 سال بعد میگا ایونٹ کی میزبانی، چیمپئنز ٹرافی کی شاندار افتتاحی تقریب نے چار چاند لگا دیئے

پاکستان کی چھٹی اور اہم وکٹ بابر اعظم کی گری جس کے ساتھ جیت کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں، بابر اعظم153 رنز کے مجموعی سکور پر 64 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئےجبکہ ساتویں وکٹ شاہین شاہ آفریدی کی گری جو 200 کے مجموعی سکو پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

آٹھویں وکٹ 229 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب خوشدل شاہ 69 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے، نویں وکٹ حارث رؤف کی گری جو 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دسویں اور آخری وکٹ نسیم شاہ کی گری جو 13 رنز بناکر چلتے بنے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او آرک اور مچل سینٹنر نے 3، 3 ، میٹ ہنری نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور نیتھن سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی: کپتانوں کے اینیمیٹڈ پرومو نے دھوم مچا دی

قبل ازیں نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانووے اور ول ینگ نے اننگز کا آغاز کیا، کیویز کو اوپنرز نے 39 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیون کونووے 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد تجربہ کار بیٹر کین ولیمسن کریز پر آئے مگر ٹیم کو سنبھالا نہ دے سکے اور صرف ایک رن بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 73 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب ڈیرل مچل 10 رنز بنا کر چلتے بنے، بعدازاں ول ینگ اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھایا، دونوں بلے بازوں کو شاندار سنچریاں بنائیں۔

تاہم ول ینگ 191 رنز کے مجموعی سکور پر 107 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے جبکہ گلین فلپس 61 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، کیوی بلے باز ٹام لیتھم 118 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا، کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں 8 بہترین ٹیمیں چیمپئن بننے کی جنگ لڑیں گی۔

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی پیش کر کے دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔