29 سال بعد میگا ایونٹ کی میزبانی، چیمپئنز ٹرافی کی شاندار افتتاحی تقریب نے چار چاند لگا دیئے

Published On 19 February,2025 03:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے قبل چیمپئنز ٹرافی کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک فضائیہ کے فلائنگ پاسٹ نے تماشائیوں کے دل موہ لیے۔

میچ کے آغاز سے پہلے پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار فضائی پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا گیا، تاریخی موقع کو یادگار بنانے کیلئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نیشنل سٹیڈیم میں موجود تھی۔

اس موقع پہ صدر مملکت اصف علی زرداری مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی میں معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے تزئن و آرائش کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میچ سے پہلے دونوں ٹیمز کے قومی ترانے پیش کئے گئے، 2017 میں چیمپنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

میچ سے قبل تین منٹ تک جاری رہنے والے فضائی مظاہرے میں پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فضا میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش کیا۔

شیر دل ٹیم نے بھرپور پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا، جے ایف 17، ایف 16 اور شیر دل شاہینوں نے پوری قوم کا لہو گرمایا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے افتتاحی شو میں خصوصی مارچ پاسٹ کیا جس نے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے۔