کراچی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ انڈیا پاکستان نہیں آرہا اب یہ بات پرانی ہوگئی، قومی ٹیم کو چاہیے کہ اب بھارتی ٹیم جہاں بھی میچ کھیلے اُسے شکست دے کر فتح حاصل کرے اور قوم کا مزہ دوبالا کردے۔
ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جب ساری دنیا کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آئیں تو بھارت کو بھی آنا چاہیے تھا، اب پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کو شکست دے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں پر اس حوالے سے بہت ذمہ داری عائد ہوتی ہے، فتح کی وجہ سے ہی چاروں صوبے اور ملک بھر کے عوام خوشی میں ایک ہی جھنڈے کے نیچے آجاتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پندرہ رکنی اسکواڈ میں کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جن کے بارے میں مجھے معلوم ہے وہ کہاں سے آئے مگر اس پر ہم بعد میں بات کریں گے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی ابھی سر پر ہے۔
انہوں نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا کہ ساری ٹیمیں بہت تیاری کے ساتھ آئی ہیں، پاکستان کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی دکھانا پڑے گی۔