لاہور:(دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمن کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور اپنے دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ کو بھی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پاکستان اور سکاٹ لینڈکا میچ بارش کے باعث 32 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔
سکاٹ لینڈ نے 9 وکٹ پر 181 رنز بنائے، کپتان کیتھرین برائس 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ فاطمہ ثنا نے 4 اور سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے شاندار بیٹنگ کی۔
منیبہ علی نے 71 رنز بنائے، عالیہ ریاض 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان ہدف 10 گیندوں پہلے چار وکٹ پر پورا کر دیا، سدرہ امین 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں، عالیہ ریاض پلیئر آف دا میچ قرار پائیں۔
دوسری جانب قذافی سٹیڈیم میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کی وجہ سے 33اوورز تک محدود رہا، ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹ پر 181 رنز بنائے، شینل ہینری اور اسٹیفنی ٹیلر نے 46، 46 رنز بنائے ، جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 33 ویں اوورمیں 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز نے میچ 6 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 کے پہلے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے ہرایا تھا۔