افغانستان ایشیا کپ سے باہر، سری لنکا اپنے ساتھ بنگلادیش کو بھی سپر فور میں لے گیا

Published On 18 September,2025 07:08 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) ٹی 20 ایشیا کپ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

سری لنکا نے افغانستان کی جانب سے ملنے والا 170 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سری لنکا کی جانب سے کوشال مینڈس 74 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، کامیندو مینڈس نے 26 اور کوشال پریرا نے 28 رنز بنائے۔

قبل ازیں زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ہونیوالے ایونٹ 11 ویں میچ میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی ۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، محمد نبی 60 رنز کیساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ابراہیم زادران اور راشد خان 24،24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز بنائے۔

اس شکست کے بعد افغانستان کا ایشیا کپ 2025 میں سفر ختم ہوگیا جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلادیش نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گروپ بی میں سری لنکا مسلسل 3 میچز میں کامیابی کے ساتھ 6 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ بنگلادیش کے 4 پوائنٹس ہیں۔