ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو شکست دیکر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 18 September,2025 12:21 am

دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 41 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، یو اے ای کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان نے یو اے ای کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز سکور کئے، گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

صائم ایوب صفر، صاحبزادہ فرحان 5، کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز4، 4 اور محمد حارث 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے 18رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایشیا کپ میں گروپ اے سے بھارت اور پاکستان نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ عمان اور یو اے ای کا ایونٹ میں سفر ختم ہو گیا۔