وشاکاپٹنم: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے بنگلا دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔
وشاکا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کی نو آموز ٹیم کو پورے میچ میں دبوچ کر رکھا اور کمزور حریف کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
کینگروز نے بنگلا دیش کی جانب سے 199 رنز کا دیا گیا آسان ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 25ویں اوور میں حاصل کیا، کپتان ایلیسا ہیلی نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 113 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فیبی لیچ فیلڈ نے 84 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ دیا۔
قبل ازیں پہلی اننگز میں بنگلا دیشی بیٹرز آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے دفاعی پوزیشن میں نظر آئیں، بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
سبحانہ موستارے 66 اور رابعہ حیدر 44 رنز بنا کر نمایاں رہیں جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے 4 باؤلرز نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔