بابر نے صفر پر آؤٹ ہونے کا آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا

Published On 29 October,2025 03:57 am

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف صفر پر آؤٹ ہو کر شاہد آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف صرف دو گیندوں کا سامنا کر کے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، انہیں کوربن بوش نے پاور پلے کے آخری اوور میں شکار کیا، اننگز میں خراب کارکردگی کے ساتھ ہی بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آٹھویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا شاہد آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔

8ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے، اس فہرست میں عمر اکمل، صائم ایوب اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کی ہے، 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18.1 اوورز محض 139 رنز ہی بنا سکی۔