میلبرن: (ویب ڈیسک) سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی اور انگلش آل راؤنڈر معین علی کے بعد نامور آسٹریلوی کھلاڑی نے بھی آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر گلین میکسویل نے آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے خود کو رجسٹرڈ نہیں کروایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی منی آکشن کے لیے 1355 کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹرڈ کروایا ہے تاہم ان میں گلین میکسویل شامل نہیں ہیں۔
دوسری جانب جارح مزاج آل راؤنڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی پی ایل میں بہت سے یادگار سیزنز گزارنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال نیلامی کیلئے اپنا نام پیش نہ کروں۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئی پی ایل نے انہیں بطور کرکٹر اور بطور انسان نکھارا ہے، مجھے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے، شاندار فرنچائزز کی نمائندگی کرنے اور جنون سے بھرپور شائقین کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع ملا۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ یادیں، یہ چیلنجز اور بھارت کی توانائی ہمیشہ میرے دل میں رہے گی، انہوں نے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سالوں سے ملنے والی محبت کا شکریہ، امید ہے کہ جلد دوبارہ ملاقات ہو گی۔
یاد رہے کہ گلین میکسویل نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے مختصر عرصے میں اہم کردار ادا کیا مگر ایک خراب سیزن کے باعث ٹیم نے انہیں ریلیز کردیا تھا، 2025 کے میگا آکشن میں پنجاب کنگز نے انہیں خریدا تھا لیکن وہاں بھی مایوس کن کارکردگی کے باعث فائنلسٹ ٹیم نے انہیں برقرار نہیں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کنگز سے ریلیز ہونے کے بعد گلین میکسویل نے آئی پی ایل منی آکشن میں رجسٹریشن نہیں کرائی، اسی لیے ممکن ہے کہ وہ 2026 کا ایڈیشن نہ کھیلیں۔
واضح رہے کہ فاف ڈوپلیسی اور معین علی نے حال ہی میں آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔



