کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ایک اور نوجوان نامعلوم افراد کی درندگی کا نشانہ بن گیا۔ جامعہ کراچی کے طالبعلم باجوڑ ایجنسی کے احمد شاہ کی لاش مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے ملی۔ نوجوان 16 فروری سے لاپتہ تھا۔
مقتول کے جسم سے تشدد کے نشان بھی ملے ہیں۔ گزشتہ روز تھانہ مبینہ ٹاؤن کی حدود سے ملنے والی لاش جامعہ کراچی کے طالبعلم کی نکلی۔ 26 سالہ احمد شاہ جامعہ کراچی کے ذوالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ایم ایس سی کر رہا تھا۔ باجوڑ ایجنسی کا احمد شاہ سکاؤٹ کالونی میں دیگر طلبہ کے ساتھ رہتا تھا۔ ساتھی کہتے ہیں، احمد شاہ نے 16 فروری کی رات کو میسج کیا کہ گھر آ رہا ہوں لیکن نہیں آیا۔ ڈھونڈنے کے بعد ایدھی سردخانے سے لاش ملی۔
احمد شاہ کی موت کا سن کر اہلخانہ بھی باجوڑ ایجنسی سے کراچی آ پہنچے ہیں۔ مقتول کے تایا امان اللہ کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں، احمد یونیورسٹی کے بعد محنت مزدوری کرتا تھا۔
پولیس نے احمد شاہ کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔