لاہور: (دنیا نیوز) پتنگ بازی کا خونی کھیل ایک اور جان لے گیا ، سبزہ زار میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق، افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ سبزہ زار میں پیش آیا جہاں دو بھائی موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ فاروق سبحانی نامی نوجوان قاتل ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔ بچ جانے والے بھائی نے فاروق کو فوری ہسپتال منتقل کیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ متوفی تین بچوں کا باپ تھا۔
لواحقین اطلاع ملنے پر ہسپتال کے باہر پہنچے اور احتجاج شروع کر دیا جو پولیس کی ملزم کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر ختم کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سبزہ زار اور ایس ایچ او سبزہ زار کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈور پھرنے کے باعث 35 سالہ شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ، جہاں شکایت ملی، متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے غفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا بے شک ایس ایچ او پروٹوکول ڈیوٹی پر تھا لیکن ذمہ داری اسی کی ہے، علاقہ ایس ایچ او پتنگ بازی پر پابندی پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہے۔