کراچی: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی سربراہی میں ججز نے جیل کا دورہ کیا۔۔ ایس ایچ او شاہ لطیف کو تشدد کرنے والے عملے کےخلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔۔ رپورٹ بھی طلب کر لی
کراچی کے قیدیوں کا کوئی حال نہیں، جیل حکام کی جانب سے تشدد کا انکشاف، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی سربراہی میں ججز اچانک ملیر جیل پہنچ گئے۔ انہوں نے جیل کا جائزہ لیا اور قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔ ججز کو دیکھ کر ملزمان نے شکایات کے انبار لگا دیے۔
ملیر جیل کے قیدیوں نے بتایا کہ ان سے رشوت طلب کی جاتی ہے۔ جیل والے فی کس 30 سے 40 ہزار روپے بٹورتے ہیں، نہ دو تو تشدد اور بھوکا پیاسا رکھا جاتا ہے۔
معاملے پر ججز نے جیل حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سیشن جج ملیر نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو تشدد کرنے والے عملے کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا اور رپورٹ بھی طلب کر لی۔