لاہور: (دنیا نیوز) عابد باکسر کی ملت پارک میں پراپرٹی ڈیلر کے قتل کے مقدمے میں تفتیش، مدعی اور ملزم فریق کے مابین جھگڑا ہو گیا۔
پولیس کے مطابق عابد باکسر ملت پارک میں پراپرٹی ڈیلر جواد فردوسی کے قتل کے مقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے کے لیے آیا، اس دوران مدعی اور ملزم فریق کے مابین تلخ کلامی ہو گئی۔ پولیس نے دونوں فریقین کے 7 افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا دعویٰ کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام کی مداخلت پر زیر حراست افراد کو چھوڑ دیا گیا۔
عابد باکسر نے الزام لگایا کہ مقدمات کی تفتیش پر ایک ایس پی اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ سابق انسپکٹر نے مزید کہا کہ باضمیر افسران موجود ہیں جو میرٹ پر تفتیش کر رہے ہیں، جب بھی پولیس تفتیش کے لیے بلائے گی حاضر ہو جاؤں گا۔ یاد رہے کہ عابد باکسر مختلف مقدمات میں 4 ستمبر تک عبوری ضمانت پر ہے۔