فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ڈرائی پورٹ سے چوری ہونے والے 10 کروڑ روپے مالیت کے قیمتی موبائلز کا 3 ماہ بعد بھی کوئی سراغ نہ لگ سکا۔ موبائلز چوری کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی مگر چور پولیس کی گرفت میں نہ آسکے۔
فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے گودام سے 10 کروڑ روپے مالیت کے قیمتی موبائلز چوری ہونے کے واقعہ کو 3 ماہ سے زائد کا عرصہ بیت گیا۔ ڈرائی پورٹ گودام سے موبائلز چوری کے واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی منظرعام پر آگئی مگر اس کے باوجود ملزمان کی گرفتار کیلئے کوئی کارروائی نا کیے جانا کئی سولات کو جنم دیتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں نظر آنے والا ایک ملزم پہلے سے ہی چوری کے 3 مقدمات میں اشتہاری ہے تاہم ابھی ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔ دوسری جانب ڈرائی پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موبائلز چوری کے حوالہ سے تمام تحقیقات مکمل کی جاچکی ہیں اور بہت جلد ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے موبائلز کی برآمدگی کیلئے کارروائی شروع کردی جائے گی۔