گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی سیکڑوں موٹر سائیکلیں، ہیوی بائیک اورکاریں کباڑ بن گئیں، وارڈنز پرائیویٹ موٹرسائیکلوں پر ڈیوٹی سر انجام دینے لگے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک پولیس کو 25 ہیوی بائیک، 2 سو موٹر سائیکل اور 8 کاریں فراہم کی تھیں جو کہ ٹریفک پولیس کی لاپرواہی اور وقت پر مرمت نہ ہونے کی وجہ سے کھٹارہ بن چکی ہیں۔ ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے متعدد بار نئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے لئے پرپوزل بھجوایا گیا لیکن کوئی عملدرآمد نہیں کیا جا گیا اور نہ ہی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مرمت کے لئے وافر فنڈ دیا جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ چالانوں کی مد میں سالانہ اکٹھا ہونے والے کروڑوں روپے کے فنڈ سے کچھ رقم موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر لگا کر ان کی حالت بہتر کی جاسکتی ہے۔