لاہور: (دنیا نیوز) فیروزوالا میں منچلوں نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں، پچاس ہزار روپے کے عوض تین کلو میٹر تک موٹرسائیکل رکشہ پر ریس لگائی گئی، علاقے میں نوجوانوں نے موٹرسائیکل رکشوں اور ون ویلنگ پر شرطیں لگانا معمول بنا لیا، دوسری جانب پولیس نے جان لیوا کھیل کو رکوانے کے بجائے خاموشی اختیار کر لی۔
فیروزوالا میں ریس کے دوران ڈرائیور کو الٹا لیٹ کر چنگ چی رکشہ چلانا اور تین کلو میٹر فاصلے کو طے کرتے وقت تین بار چنگ چی رکشہ آپس میں ٹکرانا بھی طے پایا۔ موت کے اس رقص میں اگر رکشہ الٹ گیا تو بھی وہ ڈرائیور شرط ہار جائے گا جبکہ ڈرائیور کی موت کا زمہ دار بھی وہ خود ہی ہوگا۔
آئے روز ایسی شرط لگانا منچلوں کے لیے معمول بن گیا جبکہ شہری بھی اس کی زد میں آنے لگے، ایک ہفتہ قبل بھی ون ویلنگ کرتے دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان طاہر اور ارشد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ ایک کلو میٹر پر تھانہ فیروزوالہ کی پولیس چوکی لبان والا ان کو گرفتار کرنا تو دور روکنے میں بھی ناکام دکھائی دے رہی ھے۔