فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے نڑوالا روڈ پر واقع محلہ اچکیرہ میں صوبائی گورنمنٹ کی اراضی پر قبضہ مافیا نے پنجے جما لئے۔ نوجوانوں کی مختلف کھیلوں کیلئے مختص کی گئی گراؤنڈ میں بااثر افراد نے مستقل رہائش گاہیں تعمیر کر لیں۔
فیصل آباد کے نڑوالا روڈ پر واقع محلہ اچکیرہ میں صوبائی حکومت کی جانب سے 11 کنال سے زائد اراضی نوجوانوں کیلئے کبڈی، فٹبال اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کیلئے مختص کی گئی تھی مگر حکومتی غفلت کے باعث صوبائی حکومت کی اس اراضی پر بااثر قبضہ مافیا نے پنجے جما لئے۔
کھیلوں کے میدان کو نہ صرف جانوروں کے باڑے میں تبدیل کردیا گیا بلکہ پُختہ رہائشیں بھی تعمیر کرلی گئیں۔ پلے گراونڈ پر قبضے کی وجہ سے نوجوان گلی محلوں اور عام شاہراہوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ متعدد بار قبضہ کے خاتمہ کیلئے درخواستیں دیں مگر داد رسی نہ ہوئی۔ البتہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سیف اللہ ڈوگر کہتے ہیں کہ قبضہ کے خاتمہ کیلئے جلد کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ بااثر قبضہ مافیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سرکاری گراونڈ کو کھلاڑیوں کیلئے واگزار کروایا جائے۔