کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں رات گئے ڈی ایس پی طارق ملک کے گھر ڈکیتی کی واردات، مزاحمت پر بھانجا فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ سفید کرولا گروپ کے چھ کارندے گھر میں داخل ہوئے۔ لاکھوں روپے نقدی، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔
چوروں، ڈکیتوں اور کرمنلز نے کراچی والوں کو یرغمال بنا لیا۔ صرف شہری نہیں پولیس افسران بھی محفوظ نہیں۔ رات گئے شادمان ٹاون میں ڈکیتوں نے ڈی ایس پی کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ چھتیس منٹ میں پورے گھر کا صفایا۔ مزاحمت کرنے پر ڈی ایس پی طارق ملک کا بھانجہ بھی جاں بحق ہو گیا۔
تین بجکر 33منٹ پر 6 ڈاکو گھر میں گھسے۔ ملزمان نے اہلخانہ کو یرغمال بنایا۔ طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان سمیٹا اور بالائی منزل پر چلے گئے۔ مقتول ریاض ملک نے روکنے کی کوشش کی تو ڈاکو فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکووں کو فائر کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان واردات کے بعد سفید کار میں فرار ہوئے۔