کراچی میں ڈکیتی سمیت فائرنگ کے 2 واقعات، 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی

Last Updated On 02 December,2019 08:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی میں مختلف علاقے اورنگی ٹائون، صفورہ اور گلشن اقبال میں مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق، دو زخمی ہو گئے، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اورنگی ٹائون کے علاقے اقبال مارکیٹ، یعقوب آباد میں نامعلوم ملزمان ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بیٹا سمیع اللہ جاں بحق جبکہ اس کا باپ عبدالرقیب شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے جبکہ علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے کے اندر ڈکیت گروہ سرگرم ہے جس نے چند روز قبل بھی ڈکیتی کی واردات کی تھی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 4 سے 5 ملزمان ایک گھر میں داخل ہوئے اور لوٹ مار کی۔

دوسری جانب صفورہ کے علاقے میں دو گروپوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت نادر مگسی کے نام سے ہوئی۔ ادھر ڈسکو بیکری کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔